جڑانوالہ(نامہ نگار) ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث جڑانوالہ کے رہائشی مبینہ انسانی سمگلر مرکزی ملزم ساجد کو قطر سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث جڑانوالہ کے رہائشی مبینہ انسانی سمگلر مرکزی ملزم ساجد ولد علی وسیم کو مقدمہ بر 696/2024 کے سلسلہ میں قطر سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ میں مطلوب تھا اور اسکے خلاف انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ساجد لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے مطوب تھا ملزم کی گرفتاری کو کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دوران تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔




