فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ترکھانی کے علاقہ 373 گ ب میں لیڈی کانسٹیبل مسرت اقبال کی مبینہ خودکشی بلیک میل کا شاخسانہ نکلی’ لیڈی کانسٹیبل کی غیر اخلاقی ویڈیو بنا کر آپس میں شیئر کر کے ذہنی اذیت اور بلیک میل کرنے والے خاتون سمیت چار ملزمان نازیہ بی بی’ لیاقت علی’ عمران اور نوید کیخلاف زیردفعہ 322، 292، 509 اور 34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز تھانہ ترکھانی میں تعینات لیڈی کانسٹیبل مسرت اقبال کی خودکشی پر ایس ایچ او امتیاز احمد کو لیڈی کانسٹیبل مسرت اقبال کے موبائل فون ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزمان لیڈی کانسٹیبل کی غیر اخلاقی ویڈیو آپس میں شیئر کرتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل کو بلیک میل کرتے تھے جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار تھی، جس پر اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ جس پر تھانہ ترکھانی پولیس نے خاتون سمیت 4افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




