فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ تحفظ ماحول نے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے ایک اور بھٹہ کی تعمیرات مسمار کرادی ۔ محکمہ تحفظ ماحول کی ٹیموں نے ضلع بھر میں بھٹوں کی انسپکشن کی اور چک 125 ر۔ب سالار والا چک جھمرہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹہ کی تعمیرات کو بھاری مشینری سے مسمار کرایا۔ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول عثمان اظہر نے بتایا کہ انسداد سموگ اقدامات پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد جاری ہے اور روزانہ صبح وشام اور رات کے اوقات میں بھٹوں کی انسپکشن کی جارہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھٹہ کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر نہیں چلنے دیں گے۔علاوہ ازیں صنعتی یونٹس کی انسپکشن کا عمل بھی بلاتعطل جاری ہے۔محکمہ کی ٹیموں نے سوساں روڑ پر ہاکی سٹیڈیم کے قریب ایک باربی کیو پوائنٹ کو سکشن ہڈ نصب نہ کرنے کی پاداش میں سیل بھی کیا۔اسی طرح محکمہ زراعت توسیع کی ٹیمیں موٹر وے ایریاز میں فصل کی باقیات کو آگ لگانے کی روک تھام کے لئے سرگرم عمل ہے جبکہ محکمہ شاہرات کی ٹیموں کی طرف سے دھواں دینے والی وہیکلز کو جرمانے کئے جارہے ہیں۔




