فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما’ سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایک اور انقلابی منصوبہ شروع ہو گیا، ماحول دوست پروگرام سے آمدن بھی ہو گی۔ اس منصوبے کے تحت پلاسٹک کی بوتلوں اور برتنوں کو ری سائیکل کیا جائیگا روزانہ لاہور میں قریباً 500 ٹن پلاسٹک کی بوتلوں کا کچرا پیدا ہوتا ہے، نئی مشینری کی مدد سے نہ صرف بوتلیں بلکہ سنگل یوز پلاسٹک سے بنے دیگر برتن بھی ری سائیکل کیے جائیں گے، ان اشیاء سے فٹ پاتھ’ سڑکوں کی مرمت (پیچ ورک) اور پلاسٹک اینٹیں تیار کی جائیں گی۔ ڈیڑھ لیٹر کی 20 اور ہاف لیٹر کی 40بوتلیں مشین میں ڈالنے پر صارف کو فوری طور پر ایک ہزار روپے کیش دیا جائے گا، جو ایپ کے ذریعے حاصل کیا جا سکے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف شہری ہی نہیں بلکہ لاہور کے قریباً 18ہزار کباڑیے بھی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وہ ایپ کے ذریعے کمپنی سے رابطہ کریں گے اور کمپنی کے نمائندے ان سے براہ راست بوتلیں خرید کر انہیں موقع پر ہی ادائیگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یہ پروگرام خوش آئند ہے، اس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔




