فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ لیبر ونگ فیڈریشن یونین کے سنیئر رہنما حاجی افتخار سندھو نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان، استحکام وطن اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے برصغیر کی مسلمان خواتین کو متحد کرنے اور تحریک پاکستان میں بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے قومی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی و خراج عقیدت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت نے قومی یکجہتی، جمہوریت، قانون کی بالا دستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ جرات اور استقامت کے ساتھ آواز بلند کی ۔ قوم نے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں انہیں مادر ملت ” کا عظیم اعزاز دیا، جو ان کی قومی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محترمہ فاطمہ جناح کے افکار اور کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی قومی اتحاد جمہوری روایات اور عوامی شعور کے فروغ کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔




