فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ پر مارکی اور گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ لگنے سے چار افراد بری طرح جھلس گئے، ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے الائیڈ ہسپتال برن یونٹ منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کینال روڈ پر واقع کشمیر پل کے قریب رائل پام مارکی کے ملازمین کھانا تیار کرنے کیلئے چولہا جلانے لگے تو گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ کے ساتھ کچن میں آگ بھڑک اُٹھی۔ جس کی لپیٹ میں آ کر پاکپتن کے رہائشی 22سالہ وقاص اکرم’ 21سالہ محبوب اور اوکاڑہ کا 16سالہ علی ادریس بری طرح جھلس گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 272 ج ب میں بھی گیس لیکج کے باعث سلنڈر پھٹنے سے 42سالہ عرفان ولد محمد شریف آگ کی زد میں آ کر بری طرح جھلس گیا۔ واقعات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔




