جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ مبینہ شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے واقعات پر دکاندار سراپا احتجاج،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں آئے روز مبینہ شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر دکاندار سراپا احتجاج بن گئے گزشتہ چار روز کے دوران تین مختلف دکانوں میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ تمام حادثات واپڈا کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آئے۔ان کے مطابق مارکیٹوں کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تاریں خستہ حال ہیں،جن کی درستگی کیلئے متعدد بار متعلقہ حکام کو درخواستیں دی گئیں،مگر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا،احتجاج کرنے والے دکانداروں نے واپڈا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی کی تاروں کو درست کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے۔دکانداروں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔جسکی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔




