مبینہ پولیس مقابلوں میں3سالہ بچی کا قاتل سوتیلا باپ،2ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ گڑھ کے علاقہ 4سالہ بچی کو قتل کرنیوالا زیرحراست سوتیلا باپ مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر مارا گیا، ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹمکیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ گڑھ کے علاقہ 543 گ ب کے غلام احمد کی بیٹی کرن کی پہلی شادی نعمان کیساتھ ہوئی ان کے ہاں بیٹی زینب پیدا ہوئی، بعدازاں میاں بیوی میں طلاق ہو گئی تو کرن نے دوسری شادی 6 ماہ قبل غلام محی الدین سے ہوئی تھی جو کہ اسکی زینب بی بی سے محبت نہ کرتا تھا اور 8ستمبر کو ملزم غلام محی الدین نے سوتیلی بیٹی زینب کو گھر سے بازار جاتے ہوئے کھیتوں میں لے جا کر گلا دبا کر قتل کر دیا تھا، ایس ایچ او تھانہ گڑھ سہیل اسلم نے گزشتہ دنوں ملزم غلام محی الدین کو گرفتار کیا اور سب انسپکٹر امانت علی ملزم غلام محی الدین کو برآمدگی کیلئے لے جا رہا تھا کہ جب وہ کنجوانی پھاٹک کے قریب پہنچا تو ملزم کے ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر کے زیرحراست ملزم غلام محی الدین کو چھڑوا لیا، تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں ثناء ۔ فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ ماموں کانجن کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں حساس ادارے کے ملازم کو زخمی کرنیوالے دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے 4 ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی صدر سمندری کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ گزشتہ دنوں حساس ادارے کے ملازم کو گولیاں مار کر زخمی کرنیوالے ڈاکو ماموں کانجن کے علاقہ میں گھوم رہے ہیں سی سی ڈی ٹیم نے 508 گ ب کے قریب مشکوک ملزمان کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہوں نے اپنے نام ظفر اقبال سکنہ ساہیوال اور نذیر سکنہ رجانہ بتائے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ان کے فرار ہونیوالے چار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں