فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ گٹ والا 205 رب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کیاس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد حسین نے کینال روڈ پر رفحان ملز کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ تاہم تعاقب کرنے پر گٹ والا کے قریب 205 رب لنک روڈ پر آمنا سامنا ہو گیا تو پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا، ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا، جس نے اپنا نام شہروز ولد حمید بتایا جس کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا جو کہ 25 سے زائد وارداتوں میں ملوث نکلا۔ پولیس کے مطابق مرنے والا ڈاکو دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ نجیب نامی شہری سے اسلحہ کے زور پر نقدی’ فون چھین کر فرار ہوا تھا۔




