فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ 78 گ ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ریکارڈیافتہ ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خانوآنہ کے قریب ناکہ بندی میں دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے 78گ ب کی طرف بھاگے تو تعاقب کرتے ہوئے پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے، جن کی شناخت گلفام ولد سرفراز سکنہ 121 ج ب اور عمران ولد اکرم سکنہ تمبو کالونی کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




