فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سول لائن کے علاقہ زرعی یونیورسٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر مارے گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سول لائن سید عتیق الرحمن شاہ کو اطلاع ملی کہ چنیوٹ بازار چوک میں ایس ایچ او ارسلان باری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی پر موٹرسائیکل سوار کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے جیل روڈ کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی وہ بھی جیل روڈ امباں والی پلی کے قریب پہنچے تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4افراد زرعی یونیورسٹی کی طرف سے تیزرفتاری سے آئے جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس پارٹی نے ان کا تعاقب کیا تو وہ سیم پل کے قریب موٹرسائیکل چھوڑ کر کوڑا سٹینڈ کی اوڑھ میں چھپ گئے، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے جن کو قابو کیا تو انہوں نے اپنا نام شہباز عرف لوٹا ولد نذیر احمد سکنہ 188 رب اور محمد شعیب ولد ظفر اقبال سکنہ 77 رب لوہکے بتایا، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر دیں، مذکورہ ڈاکو درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔




