مبینہ پولیس مقابلہ،4افراد کا قاتل اشتہاری ہلاک،2زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں علیم سنیارا سمیت 4 افراد کا قاتل اشتہاری توقیر عرف تنا ہلاک’ جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اقبال ڈویژن ٹائون علی اکرام گورائیہ’ سی سی ڈی ہیڈ کوارٹرز ارم رضا شاہ’ انچارج سی سی ڈی سمندری عامر فرمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چک جھمرہ کے علاقہ پہاڑنگ کے قریب اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر مردہ حالت میں پڑا تھا، جسکی شناخت توقیر عرف تنا کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ مرنے والے اشتہاری نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے کار سوار علیم سنیارا’ صنعم سلطان سمیت دو افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کیا تھا۔ وقوعہ کے بعد ایک ویڈیو بیان میں 4افراد کے قتل کا اعتراف کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے اشتہاری ملزم توقیر عرف تنا کو سی سی ڈی نے راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا۔ جبکہ مدینہ ٹائون کے ایس ایچ او عدیل چیمہ کے ساتھ مبینہ مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو عاطف ولد شہباز سکنہ مریم آباد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ اچکیرہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں بھی درجنوں وارداتوں میں مطلوب ڈاکو سفیان ولد اقبال سکنہ مدن پورہ بھی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑا گیا، پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں