فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ 83 گ ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ڈاکو ریکارڈ یافتہ نکلا، جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، زخمی ڈاکو کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے 86گ ب پلی کے قریب شہری حقنواز سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوئے تو واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ روشن والا سب انسپکٹر حقنواز نے ماتحت عملے کے ہمراہ ناکہ بندیاں کیں تو 83گ ب پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے دیکھا تو ایک ڈاکو جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر پڑا تھا، جس کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، اسکو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




