فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں گرفتار’ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمی ڈکیت کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او نشاط آباد سب انسپکٹر ساجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 49 ج ب منڈا پنڈ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام محسن ولد معراج سکنہ سدھوپورہ بتایا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ دوسرا مبینہ مقابلہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ میں ہوا جہاں پر ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام مظہر علی ولد خان محمد سکنہ 433 گ ب بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ نکلا جسے طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




