مبینہ پولیس مقابلے،ریکارڈ یافتہ1ڈاکو ہلاک،4زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر 4 مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ ایک ڈاکو ہلاک’ 4 ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے’ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عبداﷲ پور سروس روڈ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام نوید عباس ولد محمد سلیم سکنہ 394 ج ب ٹوبہ بتایا، جو کہ ریکارڈ یافتہ درجن بھر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسرا مقابلہ تھانہ سول لائن کے علاقہ میں ہوا جہاں پر ایس ایچ او سول انسپکٹر عتیق الرحمان شاہ نے انچارج چوکی لاری اڈا بلال بٹ کے ہمراہ دوران گشت پکی ماڑی کے قریب دو پیدل مشکوک افراد کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے قبرستان بابا نور شاہ ولی کی طرف بھاگے، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام مزمل حسین ولد سلامت علی سکنہ 214 رب بتایا جوکہ ریکارڈیافتہ اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جسے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا۔ تیسرا مبینہ مقابلہ تھانہ صدر کے علاقہ زبیر کالونی روڈ پر پیش آیا جہاں پر ایس ایچ او محمد علی نے دو موٹرسائیکلوں پر 4مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے جنہوں نے اپنا نام رضوان ولد نور احمد سکنہ 215 رب’ زین ولد ولائت علی سکنہ 225 رب بتائے جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں بھاگ گئے۔ علاوہ ازیں چوتھا مقابلہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ باغ والی پلی کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او ریاض اکبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام بلال ولد غلام دستگیر سکنہ 220 رب بائو والا بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ نکلا، اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے مضروبان کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں