مبینہ پولیس مقابلے،ریکارڈ یافتہ3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر اور ٹھیکری والا کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلو ں میں3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر پولیس کو اطلاع ملی کہ4 نامعلوم مسلح افراد نے شہری علی مراد سے 40ہزار اور فون چھین کر 209 رب جوڑے پل کی طرف گئے ہیں، جس پر پولیس نے ناکہ بندی کی تو ایس ایچ او نے چھوٹی نہر گرین آرچرڈ کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، اس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو کھیتوں میں دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے، جن کی شناخت عرفان ولد مالک سکنہ 208 رب اور صدام ولد عمر سکنہ 208 رب کے ناموں سے ہوئی، جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے جبکہ دوسرا مقابلہ ٹھیکری والا کے علاقہ پینسرہ روڈ پر ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا علی عمران نے پینسرہ روڈ پر درخت کی اوٹ میں بیٹھے افراد کو چیک کرنے کیلئے آواز دی تو ملزمان پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں گھس گئے تو ایس ایچ او نے مزید نفری طلب کرتے ہوئے تعاقب کیا اور فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا، جس نے اپنا نام رفاقت ولد برکت علی سکنہ 98 رب بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں