مبینہ پولیس مقابلے،موٹر سائیکل سنیچر سمیت2ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں میں موٹرسائیکل سنیچر سمیت دو ڈاکو ہلاک جبکہ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹائون کے انچارج علی اکرام گورائیہ اور سی سی ڈی لائلپور ٹائون صدیق چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سدھوپورہ پلی کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام آفتاب تابی بتایا جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا جو کہ ریکارڈیافتہ اور شہریوں سے موٹرسائیکلیں چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا اور دوران واردات باوردی کانسٹیبل اور گٹ والا پارک میں شہری کو گولیاں مارنے میں بھی ملوث تھا۔ جبکہ دوسرا مقابلہ تھانہ رضاآباد کے علاقہ تلیانوالہ روڈ پر ہوا جہاں پر سی سی ڈی کے انچارج فاروق ناظر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم ناصر ولد خالد سکنہ سمندری مردہ حالت میں پڑا تھا جوکہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے ڈاکو ناصر 60 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں