فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے چار مبینہ پولیس مقابلوں میں 5سالہ بچی کا اغواء کار اور ڈرگ ڈیلر ہلاک جبکہ 5زخمی حالت میں پکڑے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد یوسف شہزاد نے بتایا کہ ریسکیو15 پر اطلاع ملی کہ رحمت ٹائون سے 5سالہ بچی فجر نور گھر سے چیز لینے نکلی واپس نہ آئی جس پر پولیس نے فوری طور پر بچی کے اغواء کا مقدمہ درج کر کے بچی کی تلاش شروع کر دی’ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغواء کار کی تلاش شروع کر دی، موٹرسائیکل پر بچی کو اغواء کرنے کی فوٹیج ملنے پر جدید وسائل کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کیلئے سبحان اﷲ چوک کے قریب پہنچے تو ایک دکان سے بچی کے رونے کی آواز سن کر اندر دیکھا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ کے بعد دیکھا تو ایک ملزم مردہ حالت میں پڑا تھا جس کا نام بلال ولد امین سکنہ گئوشالہ معلوم ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، بچی فجرنور کو بحفاظت بازیاب کر کے والد کے حوالے کر دیا۔ بعدازاں پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے بلال کے لواحقین نے گئوشالہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔ جبکہ ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ سب انسپکٹر مظفرکھوکھر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 240 گ ب موڑ پر مشکوک کار کو رُکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلر زبیر عرف زبیری سکنہ اسلام پورہ جڑانوالہ اپنے انجام کو پہنچ گیا، گاڑی کی تلاشی لینے پر اڑھائی من چرس برآمد ہوئی۔ ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سفیان بٹر نے مخبر کی اطلاع پر چوہڑ ماجرا قبرستان کے قریب منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے جنہوں نے اپنے نام ابرار ولد طارق سکنہ 219 ج ب اور افضال سلیم ولد سلیم سکنہ مرضی پورہ بتلائے، جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ ترکھانی سب انسپکٹر مزمل عباس نے 138گ ب کے قریب ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام عباس ولد بشیر احمد سکنہ 369 گ ب بتایا اور اس کا ساتھی حمزہ سندھی موقع سے فرار ہو گیا۔




