فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی اور پولیس کیساتھ مبینہ مقابلوں میں 3ڈاکو ہلاک’ 3 زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم نے ستیانہ کے علاقہ 40 گ ب کے قریب ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ڈاکو مارے گئے جن کی شناخت عقیل اور زین کے نام سے ہوئی جوکہ ریکارڈ یافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ تھانہ سمندری کے علاقہ میں انچارج فرحان گجر کیساتھ مبینہ مقابلہ میں خطرناک ڈاکو وقاص عرف پاشا سکنہ 205 رب اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ تھانہ ستیانہ کے ایس ایچ او غلام عباس شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 90 گ ب کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اصغر علی سکنہ 275 گ ب زخمی حالت پڑا تھا جو کہ اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا، جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلا۔ ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سفیان بٹر کیساتھ چوہڑ ماجرا قبرستان کے قریب مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو وقاص ولد اسحاق اور تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 77 ج ب کے قریب مبینہ مقابلہ میں ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر ریکارڈیافتہ ڈاکو وقار ولد محمود زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




