مبینہ پولیس مقابلے،66موٹر سائیکلیں چھیننے والا ڈاکو ہلاک،ڈاکو اور منشیات فروش زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر 3مبینہ پولیس مقابلوں میں موٹرسائیکل سنیچر احتشام عرف بلا ہلاک جبکہ ڈاکو اور منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا’ ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹائون علی اکرام گورائیہ اور لائل پور ٹائون صدیق چیمہ نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ چوہلہ پلی کے قریب ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام احتشام عرف بلا سکنہ چک جھمرہ بتایا، جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو ریکارڈیافتہ اور 66 سے زائد موٹرسائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہو گئے۔ جبکہ تھانہ بٹالہ کالونی کے ایس ایچ او ظہیر اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے غوث نگر قبرستان میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی پڑا تھا جس نے اپنا نام نوید عامر سکنہ حسین پورہ ٹول پلازہ بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ سیم پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ درجنوں وارداتوں میں مطلوب ڈاکو شان عرف شانی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ پولیس نے مضروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں