فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈ یافتہ ایک ڈاکو ہلاک جبکہ زخمی ڈاکو سمیت تین گرفتار’ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انسپکٹر صدیق چیمہ’ سرکل آفیسر لائلپور ٹائون سید ارم رضا شاہ’ سرکل مدینہ ٹائون علی اکرام گورائیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے دمڑ فلور مل کے قریب موجود تھے کہ مخبر نے اطلاع دی کہ پروکیانوالہ سے جھگیاں روڈ پر مسلح ڈاکو لوٹ مار کر رہے ہیں جب وہ وہاں پہنچے تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام نعمان عرف نومی ولد محمد رمضان سکنہ 455 گ ب تاندلیانوالہ حال مقیم رحمان سٹی تلیانوالہ بتایا جسے ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا جبکہ 40 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دوسرا مقابلہ تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ پینسرہ روڈ پر ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ رانا طاہر شبیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 63 ج ب کے قریب مشکوک ملزمان کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے ایک ملزم زخمی ہو کر گر پڑا تو پولیس پارٹی نے گھیرا ڈال کر اس کے دو ساتھیوں کو بھی پکڑ لیا۔ زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت ذوالقرنین اور اس کے دو ساتھیوں بلال اور زین کے ناموں سے ہوئی جو کہ اقدام قتل’ پولیس مزاحمت سمیت درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔




