فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ماموں کانجن اور سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی تاندلیانوالہ قیصر مختار ماتحت عملہ کے ہمراہ ڈجکوٹ روڈ پر 2موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور بھٹہ کی طرف فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جن کی شناخت عثمان اور نعلین کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے جبکہ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ ماموں کانجن کے علاقہ 494 گ ب سیم نہری پٹڑی کے قریب راجباہ پر اے ایس آئی صابر علی نے دو موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے فصل مکئی میں گھس گئے، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ماموں کانجن بھی موقع پر پہنچ گئے اور فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسکی شناخت وقاص ولد احمد علی سکنہ 494 گ ب کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




