مثالی گاؤں منصوبہ فیزٹو کی منظوری’مریم نواز کا مزید7500دیہات جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا حکم

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مثالی گائوں منصوبے کے دوسرے فیز کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے دیہی علاقوں کی بہتری سے متعلق مثالی گائوں اور صاف پانی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مثالی گائوں منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید 7500دیہات کو شامل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 485دیہات پر کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویلز، نکاسی آب کے نظام اور گندے پانی کے تالابوں کی صفائی شامل ہے۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ) کی صفائی 30 جون تک مکمل کی جائے، جبکہ 31اگست تک سیپٹک ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیپٹک ٹینکس سے صاف ہونے والا پانی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ مثالی گائوں پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر 59 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منصوبے کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے اور ہر گائوں کی پہلے اور بعد کی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت اور بحالی، اور آلودہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1336 بھی قائم کی گئی ہے۔اجلاس کے دوران خوشاب اور چشتیاں میں بوٹلنگ پلانٹس کی تکمیل اور راجن پور میں واٹر سپلائی سکیم کو 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں