مجالس کے روٹس پر انتظامات کو یقینی بنایا جائے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پانی کی فراہمی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تمام ادارے باہمی رابطے کو مزید مثر بناتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں