محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کو فروغ دیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس،ڈویژنل امن کمیٹی اور علما کرام سے ملاقات کی۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر/ چیئرمین بلال یاسین کے ہمراہ صوبائی وزرا ملک صہیب احمد بھرتھ اور بلال اکبر خان بھی تھے۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، چیف کوآرڈینیٹر پفٹیک بریگیڈیئر اسجد علی بھی موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام 4402 مجالس اور 1528 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں۔166 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور116 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔فیصل آباد میں 328 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔فیصل آباد میں 10,707 مساجد،653 امام بارگاہوں اور 1576 مدارس کو پلان کے مطابق سکیورٹی دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی مدد کیلئے آرمی کی12 اور رینجرز کی 10 کمپنیاں بھی سکیورٹی پر تعینات ہونگی۔صوبائی وزیر وچیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتظامات مثالی ہیں اور تمام انتطامیہ و فورس تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے اصول کے تحت پرامن محرم الحرام کی جانب گامزن ہیں،انتظامیہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے۔بلال یاسین نے کہا کہ لاڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال پر عائد پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی طرز پر تمام اضلاع میں سائبر پٹرولنگ سیل قائم کریں۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ جمع المبارک کے خطبات میں خاص طور پر محرم الحرام کے دوران امن و امان پر زور دیا جائے تمام مکاتب فکر اپنے ماننے والوں کو سوشل میڈیا پر بھی بدامنی سے اجتناب کی ترغیب دیں۔فیصل آباد،جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔کابینہ کمیٹی نے ڈویژنل امن کمیٹی اور علما و مشائخ سے ملاقات بھی کی۔تمام مکاتبِ فکر کے علما و مشائخ نے محرم الحرام کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔فیصل آباد ڈویژن میں پرامن محرم الحرام کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔انتظامیہ کیساتھ تمام روٹ کا دورہ کر رہے ہیں اور ایک ایک عبادت گاہ میں بذات خود گئے۔ملاقات کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و سلامتی اور پرامن محرم الحرام کیلئے دعا کی گئی۔صوبائی وزرا نے مرکزی امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ دھوبی گھاٹ کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کرکے انتظامات بارے دریافت کیا۔انہوں نے عشرہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامات بارے بھی بریفنگ لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں