محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سبیلیں لگائی جا رہی ہیں

جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ کی زیرِ نگرانی محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات جاری ہیں۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر امام بارگاہ کے سامنے پینے کے صاف، ٹھنڈے اور فلٹر شدہ پانی کی سبیل قائم کر دی گئی ہے تاکہ عزاداران کو مجالس اور جلوسوں کے دوران ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر رنگ زیب گورایہ کی نگرانی میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر بھی مختلف مقامات پر مزید سبیلیں لگائی جا رہی ہیں، جہاں عزاداران اور شہریوں کو ٹھنڈا اور صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد گرمی کی شدت کے باوجود عزاداران کو سہولت فراہم کرنا اور ان کی خدمت کو یقینی بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی، روشنی، طبی امداد اور پینے کے صاف پانی سمیت تمام انتظامات کو موثر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر رنگ زیب گورایہ خود انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مقامی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران عوامی خدمت اور سہولتوں کا یہ سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں