جڑانوالہ(نامہ نگار)محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ڈی ایس پی دفتر میں امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علما اکرام اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر محرم الحرام کے دوران امن، رواداری،مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا گیا۔ڈی ایس پی جڑانوالہ ساجد محمود سوہل نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جائیں گے اور کسی بھی شرپسند یا قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اشتعال انگیز،نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔ شرکا نے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔




