فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی ہیڈکوارٹرز ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 فیصل آباد میں محرم الحرام کے تناظر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کی۔ اجلاس میں تمام ریسکیو افسران، اسٹیشن انچارجز اور میڈیا کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے جاری کردہ ریسکیو کور پلان کے مطابق تمام افسران اور ریسکیورز اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں اور عوام کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر 50 سے زائد ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ مختلف امام بارگاہوں کے قریب ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور دیگر ریسکیو وسائل ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ A کیٹگری اور B کیٹگری کی تمام مجالس اور جلوسوں کو مکمل ریسکیو کور فراہم کیا جائے گا۔ جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات پر ریسکیو کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ موبائل ریسکیو پوسٹیں جلوسوں کے ہمراہ رہتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔محرم الحرام کے دوران 37 ایمبولینسز، 15 فائر وہیکلز، متعدد ریسکیو وہیکلز، 120 موٹر بائیک ایمبولنس، 700 ریسکیورز و ریسکیو افسران اور 100 سے زائد ریسکیو سکائوٹس ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔انجینئر احتشام واہلہ نے ریسکیورز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے کے دوران ریسکیو 1122 کے تمام افسران اور اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو جذب خدمت اور مکمل مستعدی کے ساتھ سرانجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ریسکیو اہلکار مجالس اور جلوسوں کے دوران ہائی الرٹ رہیں، متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن برقرار رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور فوری ریسپانس کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداران کو محفوظ اور بہترین ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں۔




