فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے جامع ٹریفک پلان کے تحت 1400کے لگ بھگ جوان و افسران فرائض منصبی سر انجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔ اس خصوصی ٹریفک پلان کے تحت مجالس اور جلوسوں سے ٹریفک کو ایک خاص فاصلے پر دور رکھا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں بیریئرز اور ڈیوریشنز بھی لگائی گئی ہیں۔ ٹریفک پولیس نے محرم الحرام ٹریفک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے جہاں پر کسی بھی جگہ کسی قسم کی بھی کوئی بھی ٹریفک دشواری ہو تو شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915پر کال کر سکتے ہیں جہاں پہ ان کو فوری رسپانس دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے جامع ٹریفک پلان کے حوالے سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صبح کے اوقات میں مجلس کے حوالے سے چناب چوک سے جانب امام بارگاہ چوک’ کوٹھی طاہر شاہ چوک سے جانب امام بارگاہ چوک’ کوتوالی چوک سے جانب امام بارگاہ چوک اور انوری مسجد سے جانب امام بارگاہ چوک ڈائیورشنز لگائی جا رہی ہیں لہٰذا شہری متبادل روٹ کے طور پہ راجباہ روڈ اور جیل روڈ کا استعمال کریں اسی طرح سے انہی متبادل روٹس کا استعمال رات کے اوقات میں کیا جائے چونکہ رات کے اوقات میں جلوس گھنٹہ گھر اور اس کے گردو نواح میں ہوتے ہیں جس سلسلے میں خصوصی ڈائیورشنز لگائی جا رہی ہیں اس کے علاوہ ضلع بھر میں تمام مجالس اور جلوسوں پر خصوصی ٹریفک نفری اپنے فرائض منصبی احسن انداز سے سر انجام دینے میں مصروف عمل ہے۔




