ٹوکیو (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کے محققین نے بتایا کہ جو لوگ ناشتہ نہیں کرتے اور رات دیر سے کھاتے ہیں، ان میں اوسٹیوپوروسس یعنی ہڈیوں کے ٹوٹنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔یہ عادتیں اکثر دیگر غیر صحت مند طرزِ زندگی جیسے ورزش نہ کرنا، تمباکو نوشی اور ناکافی نیند کے ساتھ جڑ جاتی ہیں۔تحقیق میں جاپان کے 927,000سے زیادہ لوگوں کے صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔نتائج کے مطابق، ناشتہ نہ کرنے والے افراد میں ہڈی ٹوٹنے کا خطرہ 18فیصد زیادہ تھا، رات دیر سے کھانے والے افراد میں خطرہ 8فیصد اور سگریٹ نوشی کرنے والوں میں 11فیصد زیادہ دیکھا گیا۔اگر کوئی شخص ناشتہ نہ کرے اور رات دیر سے کھائے، تو ہڈی ٹوٹنے کا خطرہ 23 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔روزانہ شراب پینا، ورزش نہ کرنا اور نیند کی کمی بھی ہڈیوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو بڑھاتے ہیں۔ناشتہ نہ کرنے والے افراد میں وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی بھی دیکھی گئی، جو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ اوسٹیوپوروسس ایک طرزِ زندگی سے جڑی بیماری ہے، اور صحت مند عادات اپنانے سے ہڈیوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔




