ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں کم از کم اجرت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اسی حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان لبھا مسیح نے کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے محنت کشوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد جبری مشقت کا خاتمہ، کم از کم اجرت کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور مزدوروں کے دیگر حقوق کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نے کمیٹی کو بتایا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جبری مشقت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، جو کہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، سوشل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے بھی ورکرز کو سوشل سیکورٹی کارڈز کی فراہمی میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت کام کرنے والی نچی کمپنیوں کے ورکرز کے مرحلہ وار سوشل سکیورٹی کارڈ بننے شروع ہو گئے ہیں۔




