سانگلہ ہل(نامہ نگار)محکمہ اینٹی کرپشن ننکانہ نے کرپشن کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے پٹواری احمد حسن کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے خلاف دیگر نامزد ملزمان کے ہمراہ مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ۔تفصیلات کیمطابق چک نمبر 29آر بی کے رہائشی شہری فاروق سرور نیازی نے پٹواری احمد حسن، پرویز امجد اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کے حوالے سے محکمہ اینٹی کرپشن ننکانہ صاحب کو کارروائی کے لیے درخواست دی تھی ۔درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انکوائری کا عمل مکمل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق انکوائری کے بعد مجاز اتھارٹی کی منظوری اور احکامات پر محکمہ اینٹی کرپشن ننکانہ نے کارروائی کرتے ہوئے پٹواری احمد حسن اور دیگر نامزد افراد کے خلاف مقدمہ نمبر متعلقہ ریکارڈ کے مطابق، زیر دفعات 468، 420اور 471تعزیراتِ پاکستان درج کر لیا اور کیس کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ۔اینٹی کرپشن کی تفتیشی ٹیم نے کارروائی کے دوران پٹواری احمد حسن کو گرفتار کر لیا ۔حکام کے مطابق مقدمہ میں نامزد دیگر افراد کے کردار کا بھی تفتیش کے دوران جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم میں ڈی ڈی آئی اور اے ڈی آئی اینٹی کرپشن ننکانہ صاحب شامل ہیں جنہوں نے مقدمے کے اندراج اور کارروائی سے متعلق چیف آفیسر اینٹی کرپشن کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔ محکمہ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی جبکہ معاملے کی مزید تفتیش قانون کے مطابق کی جا رہی ہے۔




