محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام اساتذہ کی ترقیوں کی تقریب’725مرد و خواتین میں ترقی کے نوٹیفکیشن تقسیم

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)محکمہ تعلیم فیصل آباد کے زیر اہتمام اساتذہ کی بڑے پیمانے پر ترقیو ں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 725 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ کو ترقی دے کر ان کے پیشہ ورانہ مقام کو مزید بلند کیا گیا۔تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی مشیرِ وزیرِ اعظم پاکستان سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اساتذہ کو ای ایس ٹی (گریڈ 15)اور ایس ایس ٹی (گریڈ 16) میں ترقی کے نوٹیفکیشنز تقسیم کیے گئے۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رائو عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن)محمد وسیم ساجد سمیت دیگر تعلیمی افسران بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا مقام معاشرے میں نہایت اہم ہے اور ان کی ترقی دراصل تعلیمی نظام کی بہتری کی عکاس ہے۔اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان، جن میں پاس پریزیڈنٹ میاں محمد سعید بھی شامل تھے، نے اس اقدام پر محکمہ تعلیم کے افسران خصوصا سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) محمد ذاکر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) محمد وسیم ساجد کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے نمائندگان نزاکت خان بلوچ اور شعیب رسول نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ترقی پانے والے اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری لگن، محنت اور دیانتداری سے ادا کریں گے اور والدین کی جانب سے دی گئی امانت، یعنی بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔آخر میں سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے بڑی تعداد میں اساتذہ کی ترقیوں پر سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے محکمہ تعلیم کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں