لاہور( بیورو چیف)وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علما کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے مرکزی علما ء کونسل پاکستان کے وفد نے چیئرمین مولانا زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا اعظم فاروق، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شبیر احمد عثمانی، مرکزی صدر پنجاب مولانا محمد مشتاق لاہوری، چیئرمین پاکستان علما و مشائخ پیر علامہ محمد زبیر عابد، سینئر نائب صدر مولانا عبدالسفیان حنفی، مرکزی صدر مولانا حبیب الرحمن، بیرسٹر محمد افضل، حافظ قاری محمد حسنین عابد، صاحبزادہ حسین قاسمی، حافظ عبدالمنان، محمد شاہ نواز فاروقی، صاحبزادہ حافظ علی عابد و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی اوقاف انیس الرحمن، سی سی او سنٹر آف ایکسیلینس آن کانٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرف، اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت، سابق سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایس ایس پی سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ، ڈاکٹر احمد خاور شہزاد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بارے تبادلہ خیال کی گیا۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں مرکزی علما کونسل پاکستان کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاکستان کی سالمیت سب سے اہم ہے۔ محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے محکمہ داخلہ کی ورکنگ جلڈ مکمل کر لی جائے گی۔ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اللہ رب العزت نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے داعی کی حیثیت میں پذیرائی بخشی۔ تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام انتہائی بردباری اور بہترین اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی بہترین حکمت عملی کے باعث ہر نازک موقع پر حالات قابو میں رہے۔ قیامِ امن کیلئے باہمی اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ معزز علما کرام سے ہمیشہ راہنمائی حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن کیلئے علما کرام کی مشاورت سے کام کر رہے ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تمام مکاتبِ فکر سے مکمل راہنمائی حاصل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ قیام امن کی خاطر ریاست کو تمام مکاتب فکر کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ قیام امن اور باہمی اتحاد و اتفاق کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کی خاطر اپنی مخلصانہ خدمات پیش کرتے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز اور عالم اسلام کیلئے دعا کی گئی۔




