لاہور(بیوروچیف)محکمہ سکولزایجوکیشن نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران انگلش لینگویج پروفیشنسی کورس میں حصہ لینے والے 35 ہزار اساتذہ کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کا کنوینس الائونس برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کورس میں شریک اساتذہ کے کنوینس الائونس میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور تمام اہل اساتذہ کو مکمل الائونس ادا کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے محکمہ سکولزایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریننگ میں شریک اساتذہ کی مکمل فہرست تیار کرکے محکمہ خزانہ کو ارسال کریں تاکہ الائونس کی ادائیگی بروقت یقینی بنائی جا سکے۔محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ انگلش لینگویج پروفیشنسی کورس کرنے والے تمام 35 ہزار اساتذہ کا ڈیٹا فوری طور پر محکمہ خزانہ کو بھجوایا جائے تاکہ ان کے کنوینس الائونس کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔واضح رہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران عمومی طور پر اساتذہ کی تنخواہوں سے کنوینس الانس کی کٹوتی کی جاتی ہے تاہم اس خصوصی تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے والے اساتذہ کو اس کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔




