فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام برائے ویٹس اینڈ پیراویٹس کے تحت ضلع چنیوٹ میں کامیاب امیدواروں میں پلیسمنٹ آرڈرز تقسیم کئے گئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی نے انٹرنز میں پلیسمنٹ آرڈرز تقسیم کئے اور انہیں پروگرام کے اغراض و مقاصد،پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، دفتری نظم و ضبط اور فیلڈ میں موثر خدمات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی۔ڈاکٹر عطا سبحانی نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے وزیراعلی پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے تحت ضلع چنیوٹ میں کامیاب انٹرن امیدواروں کو متعلقہ اداروں میں فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نوجوانوں کو عملی تربیت، بہتر روزگار کے مواقع اور جدید ویٹرنری مہارتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ مستقبل میں لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔




