جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب بھر کی طرح ڈویژن بھر میں بھی جعلی سیمن ڈسٹری بیوٹرز مافیا کے خلاف کریک ڈائون۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اور صوبائی وزیر لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کے زیر سرپرستی پنجاب بھر کی طرح ڈویژن بھر میں بھی جعلی سیمن ڈسٹری بیوٹرز مافیا کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے محکمہ لائیو سٹاک ڈویژن فیصل آباد نے لائیو سٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014کے تحت غیر معیاری، ناقص اور غیر رجسٹرڈ سیمن کی فروخت وتقسیم کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت گزشتہ دو دنوں میں ڈویژن بھر میں 07 ایف آئی آرز غیر رجسٹرڈ اے آئی ٹیکنیشنز اور عطائیوں کے خلاف درج کی گئیں، جن کا تعلق جھنگ (3) فیصل آباد (2) ٹوبہ ٹیک سنگھ(1)اور چنیوٹ (1) سے ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر کا کہنا ہے کہ ناقص اور غیر قانونی سیمن کے استعمال سے جانوروں کی صحت اور نسل کشی دونوں متاثر ہو رہے ہیں جو کہ نہ صرف کسانوں کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ لائیو سٹاک کے شعبے کی بہتری کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔محکمہ کسی قسم کی غیر معیاری یا غیر قانونی بریڈنگ سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گا اور یہ کارروائیاں جانوروں کی صحت،کسانوں کے مفادات اور اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک نے عوام اور کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اے آئی ٹیکنیشنز سے خدمات حاصل کریں اور سیمن کی فراہمی کے ذرائع کی تصدیق ضرور کریں تاکہ پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی مویشیوں کی نسل کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔




