ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ٹھیکریوالہ کے نواحی گائوں 68ج ب میں دیرینہ دشمنی کے باعث مخالفین کی فائرنگ سے ایک شخص قتل جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ 68ج ب کے رہائشی محمد شہزاد ، خرم زبیر ولد محمود احمد اور عدنان ولد مقصود احمد قوم راجپوت کھیتوں سے گھر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں مخالفین آصف ولد شفیع ,ندیم عرف سکندر ولد مجید احمد محبوب ولد باوا قوم گجر نے انہیں روک لیا۔ اچانک فائرنگ شروع کر دی گئی جس میں آصف نے سیدھا فائر مارا جو محمد شہزاد کے پیٹ میں لگا، نتیجے میں وہ زمین پر گر گیا۔ اسی دوران ندیم عرف سکندر ولد مجید نے شہزاد کو فائر مارا جو اس کے بازو پر لگا اور وہ بھی شدید زخمی ہو گیا۔ دونوں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا جہاں محمد شہزاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ شہباز زیر علاج ہے۔زخمی شہباز نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ملزمان کے خلاف پہلے بھی مقدمہ نمبر 870/23بجرم 302/324تعزیراتِ پاکستان تھانہ ٹھیکریوالہ میں درج ہے جو اس وقت سیشن کورٹ فیصل آباد میں زیر سماعت ہے۔ مخالفین ہمیں بار بار صلح پر مجبور کر رہے تھے، لیکن انکار پر انہوں نے رنجش نکالتے ہوئے یہ حملہ کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کاروائی کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او ٹھیکریوالہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔




