مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت4افراد کو قتل کردیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف وجوہات کی بناء پر خاتون سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ روشن والا کے علاقہ 83 گ ب میں سفاک قاتلوں نے 35سالہ نوجوان شہزاد کو سوتے میں تیز دھار آلہ سے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ تھانہ صدر سمندری کے علاقہ 462 گ ب میں معمولی تلخ کلامی پر شاہد مسیح اور سلیمان ساغر کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس پر سلیمان ساغر وغیرہ نے فائرنگ کر دی،.گولیاں لگنے سے شاہد مسیح ولد امجد مسیح بری طرح زخمی ہو گیا، ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 161 رب کے رہائشی غلام علی نے بتایا کہ چند روز قبل اوباش ملزمان شہباز’ ریاض شاہد اور یٰسین وغیرہ نے اسکی جواں سالہ بیٹی عظمیٰ بی بی کو اغواء کر کے فرار ہو گئے اور ملزمان سے لڑکی کی واپسی کا مطالبہ کیا تو ملزمان نے عظمیٰ بی بی کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار کر نعش پھینک کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ غوثیہ روڈ پر واقع ساحل ماربل فیکٹری سے 30سالہ شخص کی نعش برآمد ہوئی جسکو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ تاہم مقتول کی شناخت نہ ہو سکی۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں