کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ ایمن سلیم کو مداحوں نے پاپا کی پری قرار دے دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمن سلیم نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کے یادگار لمحات کو بھی دہرایا۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد نے مجھے 2سیٹوں والی مرسڈیز کنورٹیبل تحفے میں دی تھی، یہ گاڑی مجھے 18سال کی ہونے سے پہلے تحفے میں ملی تھی، تو اس لئے مجھے گاڑی تو ملی لیکن اسے چلانے کی اجازت نہیں ملی۔اداکارہ نے بتایا کہ پھر ایک دن میں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو گوگل پر سرچ کیا، تو مجھے پتہ چلا کہ جو گاڑی میرے پاس موجود ہے، آسٹریلیا کی ایک ٹیم نے بالکل ایسی ہی گاڑی میں 18لوگوں کو بٹھا کر ایک ریکارڈ بنایا ہے، تو میرے ذہن میں فورا خیال آیا کہ میرے پاس گاڑی ایسے ہی پارکنگ میں کھڑی ہے، میں اسے چلا تو سکتی نہیں ہوں، تو کیوں نہ گاڑی کو ایسا کوئی ریکارڈ بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ جب میرے ذہن میں یہ خیال آیا تو میں نے اپنی دوستوں کو بلا کر اپنے ارادے کے بارے میں بتایا اور کامیابی کے ساتھ یہ ریکارڈ بنانے کے لیے وسیم اکرم اور دیگر کرکٹ لیجنڈز سے مشورہ مانگا تو انہوں نے پاکستان کے لیے یہ ریکارڈ بنانے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور میں اس ریکارڈ کا کریڈٹ ان لڑکیوں کو بھی دوں گی جو کار میں میرے ساتھ بیٹھی تھیں۔




