فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)”ڈیلی بزنس رپورٹ”کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کی رہائش گاہ مدنی ہائوس کے باہر مدنی سٹریٹ میں مدنی کریم آقا ۖکے پیاروں جانثاروںشہداء کربلا کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقادگیارہ جولائی بروز جمعہ کو بعد از نماز مغرب آٹھ بجے تا ساڑھے نو بجے رات کیا گیا،حافظ محمد شاویز ریاض ملک نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ محمد افتخار رضا قادری نے ہدیہ نعت اور ملک غلام صابر نقشبندی نے سلام عقیدت پیش کیا۔ڈاکٹر عامر نویدMSچلڈرن ہسپتال ، کبڈی کے عالمی مبصر سید طیب گیلانی،میاں امجد سعید، شیخ محمد عظیم، معظم خان، ناصر بیگ، رانا محمد عمر، ملک محمد بنیا مین صابری، محمد سرور، محمد عدنان، شیخ فیصل سعید و دیگر معززین شرکاء میں شامل تھے۔ اس موقع پر نامور عالم دین مفتی محمد اظہار الحق زاہدی ایڈووکیٹ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ۖ نے فرمایا کہ حسین مجھ سے ہے اور میںحسین سے ہوں، محبوب خدا نے اپنی آل پاک کو اپنی ذات کے ساتھ جوڑا، قرآن کے ساتھ جوڑا اور فرمایا کہ میری آل اور قرآن ایسے جڑے ہوئے ہیں کہ میری آل کے ساتھ اللہ کا قرآن بھی آئے گا،میری آل حق کے ساتھ جڑی ہے، نواسہ رسولۖ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں دین اسلام کو دائمی بقاء عطا فرمائی اور حق و سچ کو سربلند کر دیا،اہل اسلام ہمیشہ صف حسین اور صف علی علیہ السلام میں کھڑے ہوتے ہیں کیونکہ جہاں حق کا ذکر ہوتا ہے وہاں آل نبیۖ کا ہوتا ہے، اس لئے ان محافل پاک میں جائو ، جہاںحضور نبی کریم ۖ کی آل پاک کا ذکر ہو، اللہ تعالیٰ ہمیں غم حسین علیہ السلام کے علاوہ ہر غم سے نجات عطا فرمائے۔ محفل پاک کے اختتام پر حافظ ظفر اقبال نے دعا فرمائی اور 11جولائی کو سینئر صحافی ریاض ملک کے والد محترم ملک محمد شریف کی برسی کی مناسبت سے ان کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ عالم اسلام کی سربلندی، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔




