مرغی کے گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ و بچیانہ میں مرغی مافیا کی من مانیاں عروج پر،مرغی کے ریٹ میں خود ساختہ اضافہ کرکے شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ مرغ فروشوں کی چیرہ دستیوں کے باعث گوشت کی قیمت کم نہ ہو سکی ،دکانداروں نے مرضی کے ریٹ مقرر کر لیے۔ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران بھی برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہو سکی،جبکہ دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی ”من مانی” قیمتیں عائد کر رکھی ہیں۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے برائلر مرغی کا ریٹ 591روپے فی کلو گرام مقرر کیا گیا ہے،لیکن دکاندار اسے 650سے 680روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں،جس نے عوامی غم و غصے کو جنم دے دیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے جو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے!ایک شہری نے کہا، “سرکاری نرخ 591روپے ہے،لیکن مارکیٹ میں ہر دکاندار اپنی من مرضی کی قیمت وصول رہا ہے۔ ہم غریب لوگ کیسے گوشت خرید سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اب تک مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہے اور چکن فروشوں کے سامنے بے بس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں