لاہور(بیوروچیف)پنجاب حکومت نے مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تصدیق اور مریضوں سے فیڈبیک حاصل کرنے کیلئے جدید کال سینٹر قائم کرنیکا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔دستاویزات کیمطابق محکمہ صحت نے مالی سال 2026-27 کے لیے کال سینٹر سروسز کا فریم ورک تیار کر لیا ہے جس کے تحت مریضوں کو فون کالز کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی کی تصدیق کی جائے گی اور ان کے اطمینان سے متعلق فیڈبیک بھی لیا جائے گا۔منصوبے کے تحت کال سینٹر میں 140کال ایجنٹس اور 4شفٹ انچارج/سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔ کال سینٹر کے ذریعے روزانہ کم از کم 20ہزار طبی خدمات کی تصدیق کی جائے گی جبکہ تمام فون کالز کی آڈیو ریکارڈنگ بھی لازمی ہوگی۔دستاویزات کے مطابق مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور ہسپتالوں میں نارمل ڈلیوری اور طویل مدتی خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی 100فیصد فون کالز کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔ اس کے علاوہ قبل از پیدائش معائنے کی 30فیصد، او پی ڈی سروسز کی 25فیصد جبکہ ویکسینیشن، ٹی بی مریضوں اور غذائی قلت کی سکریننگ و علاج سے متعلق 25فیصد طبی خدمات کی بھی تصدیق کی جائے گی۔منصوبے کے تحت اگر کسی مریض سے پہلی کال پر رابطہ نہ ہو سکے یا وہ کال مسترد کر دے تو مزید دو مرتبہ رابطے کی کوشش کی جائے گی۔ تین کوششوں کے باوجود رابطہ نہ ہونے کی صورت میں 20فیصد اضافی فہرست میں شامل دوسرے مریض کو تصدیق کے لیے منتخب کیا جائے گا۔دستاویزات کے مطابق کال سینٹر منصوبے کی تخمینی لاگت 14کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے تاہم یہ تخمینہ صرف بڈ سکیورٹی کی رقم کے تعین کے لیے استعمال ہوگا۔




