مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جڑانوالہ میں9ارب کی لاگت سے فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد جاری

جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت تحصیل جڑانوالہ میں ساڑھے9۔ارب روپے کی لاگت سے عوامی بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت پنجاب سیٹیز پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے متعدد پراجیکٹس مکمل کئے جارہے ہیں جس کی بدولت سیوریج سے متعلقہ دیرینہ عوامی مسائل حل ہونگے۔یہ بات کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل جڑانوالہ کے دورہ کے دوران میونسپل کمیٹی آفس میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ نے تحصیل کے جملہ انتظامات پر بریفنگ دی۔چیف آفیسرز جڑانوالہ، کھرڑیانوالہ، ستھرا پنجاب کے تحصیل مینجر سمیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کی10 میں سے7 سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں جس میں ضروری مشینری کی خریداری شامل ہے جبکہ3 منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے۔سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن،ڈسپوزل سٹیشن کے قیام اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بدولت جڑانوالہ کی کوئی گلی سیورکی معیاری سہولت سے محروم نہیں رہے گی۔اسی طرح پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت6 ڈویلپمنٹ پیکجز مکمل کئے جارہے ہیں۔پیکجز میں سیوریج نیٹ ورک،سٹارم واٹر ڈرینز،ٹف ٹائلز پارک کی اپ گریڈیشن ودیگر پراجیکٹس مکمل ہونگے۔کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب سیٹیز پروگرام پر عملدرآمد میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن وبحالی کا باقی ماندہ کام بھی تیزی سے مکمل کراکر شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ستھراپنجاب پروگرام پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد نظر آنا چاہیے۔کنٹینرز اور کوڑا دان کا زمینی حقائق کے مطابق سروے کرائیں اور عدم موجودگی پر متعلقہ ٹھیکیدار کو جرمانہ عائد کیا جائے۔ انہوں نے تقسیم کے زیرالتوا کیسز نمٹانے،آبیانہ،زرعی انکم ٹیکس ودیگر مدات کی ریکوریز میں تیزی لانے کا حکم دیا۔کمشنر نے موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن، میوٹیشن کی سکیننگ کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف تفویض کیا۔انہوں نے اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام پر بریفنگ لی۔کمشنر نے کہا کہ ریونیو کے اہداف کی تکمیل کے لئے کمربستہ ہوجائیں اور روزانہ کا ہدف مقرر کرکے عملدرآمد یقینی ہونا چاہیے۔کمشنر فیصل آباد نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کرکے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔انہوں نے بیڈشیٹس کی ایس اوپیز کے مطابق تبدیلی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اوراسسٹنٹ کمشنر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو متعلقہ ٹھیکیدار سے کلر کوڈ اور شیڈول کے مطابق بیڈ شیٹس کی تبدیلی کرانے کا حکم دیا۔انہوں نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت، ادویات ملنے کے بارے میں دریافت کرکے تسلی کی۔انہوں نے صفائی ستھرائی،ڈاکٹرز کی حاضری چیک کی۔انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جڑانوالہ میں مریضوں کے دبا کے پیش نظر نئے مالی سال کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تجویز کیا گیا ہے۔ڈی ایچ کیو کے قیام سے مریضوں کو علاج معالجہ کی مزید معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔کمشنرویسٹ واٹر ٹریمنٹ پلانٹ کی زیرتعمیر سائٹ پر گئیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے تعمیراتی عمل کے حوالے سے بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بدولت آبادیوں کو فائدہ ملے گا جبکہ رہ جانے والی آبادیوں کو بھی پلانٹ سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات کریں۔کمشنر نے زیرتعمیر اسسٹنٹ کمشنر آفس کا معائنہ کیا اور تعمیراتی عمل کو تیز کرنے اور کوالٹی یقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے جناح پارک کا بھی دورہ کیا اور پارک میں دستیاب تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے پارک کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانے کے لئے مزید موثر اقدامات کرنے کی تاکید کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں