مریم نواز کا دیہات میں نالیاں اور گلیاں پختہ کرنے کا حکم

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت کردی۔مثالی گائوں کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرانے کی منظوری دی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقین کو دیہی پراجیکٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ارکان اسمبلی کو بھی رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور گائوں کی گلیاں پکی اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔ ہر گائوں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔ مثالی گائوں پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ ہر گائوں کی حالت بدلنا چاہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں