مریم نواز کا سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعلی پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی اہم ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد صاف توانائی، صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔بریفنگ کے مطابق مجوزہ گرین اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گرانڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس سے صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار توانائی میسر آئے گی۔منصوبے کے تحت 18ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے، سالانہ 5.6ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہونے اور ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے قومی جی ڈی پی میں تقریباً 1.5 فیصد تک اضافے کی توقع ظاہر کی گئی، منصوبے سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی اور پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروبار کے آغاز کے لیے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا مثر نظام بھی قائم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں انتظامی اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ حکومت کا وژن پنجاب کو جدید گرین انڈسٹری، صاف توانائی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں