انسان کی نیت صاف ہو تو وہ کامیابیوں وکامرانیوں کے زینے چڑھتا چلا جاتا ہے، نیت صاف ہو تو اﷲ تعالیٰ کی عطاء بھی ہوتی ہے، کسی بڑے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بڑی محنت بھی ضروری ہوتی ہے، زمین کو آباد کرنا ہو تو ہل چلانا پڑتا ہے، محنت کا پھل انسان کو ضرور ملتا ہے اور اﷲ تعالیٰ کسی کی بھی محنت کو ضائع نہیں کرتا بلکہ اس کا پورا صلہ دیا جاتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف خداداد صلاحیتوں کی مالک ہیں اور یہ ان کی محنت اور خلوص نیت کا حاصل ہے کہ انہوں نے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہو کر جو گرانقدر کارنامے سرانجام دیئے انہیں ہر خاص وعام میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ان کے قابل تعریف اقدامات کو نہ صرف پنجاب’ ملک کے دوسرے صوبوں بلکہ دنیا میں سراہا جانا بڑی اہمیت کا حامل ہے ان کے تاریخی اقدامات میں ستھرا پنجاب’ تجاوزات کا خاتمہ’ CCD کا قیام’ ٹریفک قوانین کی پاسداری’ قبضہ مافیا کیخلاف سخت کارروائی’ خواتین پر تشدد کیخلاف ایکٹ کا نفاذ’ پیرافورس کا قیام’ صنعتی کارکنوں کے لیے گھروں کا منصوبہ’ فروغ تعلیم کے لیے مثالی اقدامات’ شہروں کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس’ پنجاب دھی رانی پروگرام’ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا قیام’ الیکٹروبس پراجیکٹ’ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام’ سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مریضوں کو بہترین علاج معالجہ ومفت ادویات کی فراہمی’ کسان کارڈ کا اجرائ’ پکیاں سڑکاں’ سوکھے پینڈے پروگرام’ گرین ٹریکٹر سکیم’ گندم سپورٹ پروگرام’ آسان کاروبار قرضہ سکیم’ وزیراعلیٰ پنجاب بائیک سکیم’ آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ’ سولر پینلز کی مفت تقسیم’ سہولت بازاروں کا قیام’ آئی ٹی گریجوایٹ کے لیے انٹرن شپ پروگرام’ اقلیتوں کے لیے مینارٹی کارڈز کے اجرائ’ معذور افراد کی بحالی کیلئے خصوصی کارڈز کا اجرائ’ دل کے مریضوں کو گھروں پر مفت ادویات کی فراہمی’ ہونہار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ’ پنجاب بھر میں سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور عوامی فلاح وبہبود کے دیگر بے شمار منصوبے شامل ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو اقتدار میں آئے تین سال ہونے کے قریب ہیں اور اس دوران انہوں نے شفافیت’ تعلیم’ ٹیکنالوجی’ صحت’ انفراسٹرکچر’ نوجوانوں کی ترقی’ روزگار اور عوامی سہولت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو ان کے خوابوں کی تعبیریں ملنا نہایت خوش آئند ہے، انہوں نے کم وقت میں اپنے ترقیاتی کاموں کی بدولت عوام میں جو مقبولیت حاصل کی وہ بہت کم سیاسی قائدین کے حصے میں آئی ہے۔ محترمہ مریم نواز شریف کے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں ترقی’ شمولیت اور فلاح عامہ کا ایک نیا دور شروع ہوا اور دور رس حکومتی اقدامات’ عوام دوست پالیسیوں اور جمہوری طرز حکمرانی نے پنجاب کی سیاست کا نقشہ بدل دیا ہے، محترمہ مریم نواز شریف نے فلاحی’ تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مضبوط معاشرے کے لیے بڑی محنت اور
جانفشانی سے کام لیا اور اس کے ثمرات صوبہ بھر میں نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں، وہ نہایت احسن انداز میں وزارت اعلیٰ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں اور فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران ان کے ساتھ ان کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر’ بیٹے جنید صفدر یا خاندان کے کسی بھی فرد کا نظر نہ آنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ اپنے فرائض کی احسن طریقہ سے ادائیگی پر مکمل توجہ مرکوز رکھتی ہیں، انہوں نے عوامی فلاح وبہبود کے جو پروگرام شروع کئے اس سے یہ ثابت ہو گیا کہ وہ اپنے والد محترم میاں محمد نواز شریف کی سیاسی جانشین بننے کی مکمل اہل ہیں، وہ اپنی حکومت کی رٹ منوانے کیلئے زیروٹالرنس پالیسی پر گامزن ہیں، پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے انقلابی اقدامات کے تحت ہر شعبے میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے الیکٹرک بسوں کی طرف منتقلی ہو رہی
ہے، سفری سہولتوں کو عالمی معیار پر لانے کیلئے الیکٹرک بسیں چلائی گئی ہیں، فیصل آباد پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے اور یہ بات باعث مسرت ہے کہ یہاں پر بھی الیکٹرک بس شروع ہو چکی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے فیصل آباد پہنچ کر اس سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کیا، زندہ دلان فیصل آباد نے ان کا جس طرح پرتپاک استقبال کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، بلاشبہ! فیصل آباد میں الیکٹروبس سروس شروع ہونے سے سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات صاف ستھرے ماحول اور عوام کے لیے جدید سفری سہولیات کے عزم کا مظہر ہے’ پنجاب حکومت کا یہ اقدام بھی قابل تحسین ہے کہ فیصل آباد میں 54ارب روپے کی لاگت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جا رہا ہے’ اس منصوبہ سے سیوریج کے پانی کو صاف کر کے اسے فصلوں کے لیے قابل استعمال بنایا جا سکے گا، اس اقدام سے لوگوں کو آلودہ پانی سے نجات ملے گی جبکہ سبز انقلاب کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو سکے گا’ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا شب وروز متحرک ہونا بھی خوش آئند ہے، سرزمین لائلپور کے 8بازاروں کو ماڈل بازار بنانے کیلئے نیسپاک کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ”میرا سوہنا فیصل آباد” پروگرام کے تحت شہر کی بیوٹیفکیشن اور شہریوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی قابل قدر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا انداز حکمرانی اس قدر بہترین ہے کہ اب ارکان اسمبلی تک سرکاری اداروں میں مداخلت نہیں کر سکتے، انہوں نے نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے پر بھی مکمل توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور منشیات فروشوں کو جس طرح نکیل ڈالی گئی اس سے نسل نو کا منشیات سے بچائو یقینی ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے اقدامات سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں، اﷲ تعالیٰ انہیں اپنے اس عظیم مشن میں کامیابیاں وکامرانیاں عطاء فرمائے۔




