کوئٹہ (بیوروچیف) ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان سے بھی افغان مہاجرین کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق ملک بھر سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور دیگر غیرملکیوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ یکم ستمبر کو شروع ہوا۔اس مرحلے میں تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھجوایاجارہا ہے جس کے تحت اب تک 30ہزار سے زائد افراد اپنے وطن واپس بجھوائے جاچکے ہیں جن میں 20ہزار افراد رضاکارانہ طور پر واپس گئے ہیں۔ کوئٹہ میں 33 سے زائد تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز بھی افغان باشندوں کے زیرانتظام چلائے جارہے ہیں، انہیں بھی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ کے علاوہ پولیس فورس بھی غیرقانونی غیر ملکی افراد کو واپس بھجوانے کیعمل میں سرگرم ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کے آباد علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے، ہم اس سلسلے میں کارروائیاں کررہے ہیں، جنہیں واپس اپنے وطن بھجوایا جائے گا۔




