مستند اعدادو شمار پر مبنی منصوبہ بندی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے

ساہیوال (بیورو چیف) پنجاب حکومت اور یونیسف کے اشتراک سے ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے (MICS) پنجاب 2025 کے تحت MICS 2025 Launch – Sahiwal Divisionکی تقریب آرٹس کونسل ساہیوال کے جناح ہال میں منعقد ہوئی۔”Measuring What Matters for Punjab’s Future”کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستند اعداد و شمار اور شواہد پر مبنی منصوبہ بندی ہی مؤثر حکمرانی، عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ بچوں، خواتین اور گھرانوں کی حقیقی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا کی روشنی میں پالیسی سازی اور ترقیاتی ترجیحات کا تعین ناگزیر ہے۔ MICS 2025 کے نتائج ساہیوال ڈویژن میں متوازن علاقائی ترقی اور عوامی ضروریات کے مطابق وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اہم رہنمائی فراہم کریں گے۔تقریب میں ڈائریکٹر شماریات پنجاب شمس الہدی، یونیسف کے نمائندہ نعمان غنی، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔تقریب کے دوران MICS پنجاب 2025 کی فائنڈنگ رپورٹ کے اہم نتائج اور سروے کے تحت مرتب کیے گئے اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ شرکاء کو بچوں، خواتین اور گھرانوں سے متعلق مختلف سماجی و معاشی اشاریوں، صحت، تعلیم، بنیادی سہولیات تک رسائی اور معیارِ زندگی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ دیگر اضلاع اور ڈویژنوں کے اعداد و شمار سے تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا، جس کے ذریعے مختلف شعبوں میں ترقی کے رجحانات، علاقائی تفاوت اور بہتری کے ممکنہ پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی حقیقی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ منصوبہ بندی مقامی آبادی کی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں