اسلام آباد ( بیو رو چیف )وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ دنیا میں کینسر کا علاج موجود ہے لیکن پولیو کا کوئی علاج نہیں، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلائیں۔ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی آبادی میں اضافے کی شرح کنٹرول کرنا ہوگی۔ 1951 میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ سے زائد تھی جبکہ آج ملک کی آبادی 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں 17 جبکہ بھارت میں 38 صوبے ہیں، صوبے بنانا نہ غیر آئینی ہے اور نہ ہی غیر قانونی۔ ریاست کو بچانے اور بہتر انداز میں چلانے کے لیے نئے صوبے بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا ریونیو انجن ہے اور یہ شہر ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کی معاشی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔




